بھٹکل 18 اگست (ایس او نیوز) جامعہ اسلامیہ کے رکن عاملہ اور سابق نائب ناظم مولوی عبدالعلیم قاسمی صاحب دینی درسگاہ جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔ مولانا محمد اقبال مُلا ندوی کے انتقال کے بعد یہ عہدہ خالی ہوگیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ مولوی عبدالعلیم صاحب کو بالاتفاق رائے صدر کے عہدہ پر منتخب کیا گیا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق نائب صدر (دوم) مولانا محمد صادق اکرمی ندوی کی صدارت میں آج منگل صبح جامعہ اسلامیہ میں منعقدہ میٹنگ میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا جس میں مولانا اقبال مُلا ندوی کے انتقال کے بعد رکن شوریٰ کے طور پر جناب عتیق الرحمن مُنیری صاحب کو بھی کثرت رائے سے منتخب کیا گیا ہے۔
جامعہ اسلامیہ کے نائب ناظم مولوی طلحہ رکن الدین ندوی نے بتایا کہ جامعہ کی مجلس شوریٰ میں 60 اراکین ہیں، جبکہ آٓج کی میٹنگ میں 25 اراکین حاضر تھے۔
خیال رہے کہ جناب شاہ بندری محسن المعروف امریکن محسن جامعہ اسلامیہ کے پہلے صدر رہ چکے ہیں، اُن کے بعد جناب ڈی اے اسماعیل، پھر عبدالمتین اسماعیلجی اور ان کے بعد ڈاکٹر ملپا علی صاحب جامعہ کی صدارت سنبھال چکے ہیں۔
ڈاکٹر ملپا علی صاحب قریب 30 سالوں تک صدر کے عہدہ پر فائز رہے تھے اُن کے انتقال کے بعد مولانا محمد اقبال مُلا ندوی نے 2017 میں صدارت سنبھالی تھی، اب اُن کے انتقال کے بعد مولوی عبدالعلیم قاسمی صاحب جامعہ اسلامیہ کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ جناب ابراہیم قاضیا جامعہ اسلامیہ کے نائب صدر اول اور مولانا محمد صادق اکرمی ندوی نائب صدر دوم ہیں۔ جناب شاہ بندری پٹیل شفیع صاحب المعروف ماسٹر شفیع صاحب جامعہ اسلامیہ کے ناظم ہیں، مولوی طلحہ رکن الدین نائب ناظم، جناب محتشم عبدالرحمن جان محاسب اور جناب عبدالرحیم رکن الدین خازن کے عہدہ پر فائز ہیں۔
یاد رہے کہ جامعہ اسلامیہ کا قیام سن 1962 میں ہوا تھا جبکہ سن 2012 میں پچاس سال کی تکمیل پر یہ عظیم الشان ادارہ تین روزہ تعلیمی کنونشن منعقد کرچکا ہے۔